زہر کے عوض ایک لاکھ 38 ہزار دیے گئے، دکاندار نے یہی زہر اکبری منڈی سے 6 ہزارمیں خریدا
لاہور (کرائم رپورٹر) ویلنشیاء ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے موبائل ریکارڈ کی مدد سے رائیڈر اور دکاندار سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق خاتون نے امریکا میں سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان میں کیمیکل فروخت کرنے والے ایک شخص سے رابطہ کیا اور زہر حاصل کرنے کی کوشش کی۔خاتون نے مطلوبہ زہر امریکا بھیجنے کا کہا، تاہم دکاندار نے انکار کردیا، جس کے بعد خاتون نے پاکستان میں چونگی امرسدھو کے ایک دکاندار سے زہر خریدا۔خاتون نے زہر کی رقم منی ایکسچینج کے ذریعے ادا کی، زہر کے عوض ایک لاکھ 38 ہزار روپے دیے گئے، جبکہ دکاندار نے یہی زہر اکبری منڈی سے 6 ہزار روپے میں خریدا تھا۔خاتون نے دکاندار کو بتایا تھا کہ وہ پاکستان آکر زہر اپنی دوست کے گھر منگوائے گی۔ خاتون کے پاکستان پہنچنے کے بعد زہر دوست کے گھر منگوایا گیا، جسے رائیڈر واقعے سے ایک روز قبل علینہ کے گھر پہنچا کر گیا۔تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ خاتون اکثر موبائل فون پر خود کو اور اہلخانہ کو ختم کرنے کے طریقے تلاش کرتی تھی۔پولیس نے موبائل ریکارڈ کی بنیاد پر رائیڈر، دکاندار سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔