آئی سی سی کا محمد عباس اور خرم شہزاد کے خلاف ایکشن، ڈیمیرٹ پوائنٹس عائد

آئی سی سی کا محمد عباس اور خرم شہزاد کے خلاف ایکشن، ڈیمیرٹ پوائنٹس عائد

پاکستان کے فاسٹ بولرز محمد عباس اور خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران جارحانہ انداز میں وکٹ کا جشن منانا مہنگا پڑ گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ایک، ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دے دیا۔

آئی سی سی کے مطابق ٹرینیڈاڈ کے شہر ٹاروبا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران دونوں کھلاڑیوں نے بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسا رویہ اختیار کیا جو ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کے تحت اشتعال انگیز یا غیر مناسب قرار دیا جاتا ہے۔خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا، جبکہ محمد عباس کو باضابطہ وارننگ جاری کی گئی۔دونوں کھلاڑیوں نے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزاؤں کو تسلیم کر لیا، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔آئی سی سی کے مطابق گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ محمد عباس اور خرم شہزاد کی پہلی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے عرصے میں چار یا اس سے زیادہ ڈیمیرٹ پوائنٹس حاصل کر لیتا ہے تو انہیں معطلی کے پوائنٹس میں تبدیل کر دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں کھلاڑی پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔