پوٹھوہار میں 800 نئے منی ڈیم بنانے کی منظوری‘وزیر اعلی پنجاب نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے واٹر باڈیز کا پلان طلب کر لیا
110 منی ڈیمز بن گئے:وزیراعلی کو اجلاس میں بریفنگ‘سمجھدار قوم وہی ہوتی ہے جو پانی کے ایک ایک قطرے کو محفوظ بناتی ہے: مریم نواز
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنمائو ں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے لکھا دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر اور واٹر مینجمنٹ امورکاجائزہ لیاگیا،پنجاب میں پانی کی بچت اور گرائونڈ واٹر مینجمنٹ پر رپورٹ کابھی جائزہ لیا گیا‘اجلاس میں پوٹھوہار کے بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے 3 سال میں 800 مزید منی ڈیمز بنانے کی منظوری دیدی گئی ،800 نئے منی ڈیمز سے 32 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔بریفنگ میں بتایا گیا 110 منی ڈیمز بن گئے،گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور ڈویژن میں 100 ریچارج ویلز فعال ہیں۔مریم نواز نے کہا کسانوں کو 50 فیصد سبسڈی پر ایک ہزار لیزر لینڈ لیولر دیئے جائیں گے،سمجھدار قوم وہی ہوتی ہے جو پانی کے ایک ایک قطرے کو محفوظ بناتی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے واٹر باڈیز کا پلان طلب کر لیا،زیرِ زمین پانی مینجمنٹ کیلئے لیگل فریم ورک کوفعال اور بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ۔