سوالنامے میں رضوان سے 10 سال میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات ‘آمدن کے ذرائع اوروراثتی جائیداد کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے
لاہور(سپورٹس ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے کرکٹر محمد رضوان کو دیا گیا سوالنامہ سامنے آگیا‘این سی سی آئی اے کے وکیل اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے سوالنامہ ہائیکورٹ میں پیش کیا جو 5 صفحات پر مشتمل تھا۔سوالنامے میں رضوان سے 10 سال میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، اس کے علاوہ 5 سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع اور کرائے کی مد میں آمدن کی تفصیلات بھی مانگی گئیں۔محمد رضوان سے بینک میں موجود رقم پر منافع کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے، 5 سال میں کئے گئے گھریلو اخراجات، تعلیمی اخراجات کی تفصیلات بھی مانگی گئیں جبکہ رضوان سے وراثتی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔سوالنامے کے مطابق محمد رضوان سے 5 سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت کی تفصیلات مانگی گئیں، کرکٹر سے 5 سال کے دوران کیے گئے بین الاقوامی دورے اور اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔رضوان سے گزشتہ 5 سال میں اندرون ملک سفر کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، اس کے علاوہ کرکٹر سے گزشتہ 5 سال کے دوران کسی سے کوئی قرض لیا ہو تو اس کی تفصیل بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔