وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو پاکستان آنے سے حکومت نہیں روکے گی، وہ وزٹ، اجازت اور شرائط پوری کر کے آ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے میڈیا پر ہی پڑھا ہے کہ والد نے منع کیا ہے کہ وہ نہ آئیں۔ اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹے فیصلہ کرتے ہیں تو بالکل پاکستان آئیں، ہمارا مؤقف صرف یہ ہے کہ پی ٹی آئی تشدد کی طرف رجوع نہ کرے۔خواجہ آصف نے کہا کہ احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، انہیں اجازت ہوگی، لیکن اگر پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ 9 مئی یا 26 نومبر جیسے واقعات دوبارہ ہوں تو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
’مودی اب بین الاقوامی مذاق بن چکا‘
بھارتی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ نریندر مودی کی ناؤ ڈوب چکی ہے، وہ اپنی ساکھ دوبارہ بحال کرنے کے لیے بیانات دے رہا ہے مگر پاک فوج اور قوم نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملا دی۔ مودی عالمی سطح پر رل گیا، جس سے گلے ملتا ہے وہ گلے نہیں ملتے، ہاتھ ملانے کی کوشش کرتا ہے تو ہاتھ نہیں ملاتے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ میں مودی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی میڈیا اور فوج خود کہہ رہی ہے کہ جہاز گرے، مودی کو مان لینا چاہیے کہ اس کا سیاسی سورج غروب ہوچکا ہے۔
’فلسطینیوں کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں‘
خواجہ آصف نے کہا کہ فلسطینی عوام پر قحط مسلط کیا گیا لیکن اب ان کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں۔ غزہ کے بچوں کو بھوک سے مارا جا رہا ہے، یہ انسانیت کے لیے شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور فرانس کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا اہم قدم ہے، برطانیہ پر یہ قرض ہے کیونکہ اسرائیلی ریاست کی بنیاد برطانیہ نے رکھی تھی، اب وقت ہے کہ برطانیہ فلسطینیوں پر کیے گئے مظالم کا ازالہ کرے اور ان کے ساتھ کھڑا ہو۔