بانی پی ٹی آئی پاکستان کے ساتھ نہیں کھڑے:خواجہ آصف کا دو ٹوک بیان

بانی پی ٹی آئی پاکستان کے ساتھ نہیں کھڑے:خواجہ آصف کا دو ٹوک بیان

ویب ڈیسک: وزیردفاع خواجہ آصف نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان پر سخت تنقید کی ہے۔

 انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان نے بلوچستان کے ضلع نوشکی اور جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملوں کی مذمت کیوں نہیں کی؟ وہ کہاں کھڑے ہیں؟ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان کو اپنی شناخت واضح کرنی چاہیے اور اس اہم قومی مسئلے پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ اپنے مفادات کے مطابق بیانات دیتے ہیں، مگر دہشتگردی جیسے سنگین مسئلے پر ان کا کوئی بیان نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی دہشتگردی کے معاملے پر دونوں صوبوں کے عوام کے ساتھ نہیں کھڑے ہیں۔وزیردفاع نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا خاموش رہنا حیران کن ہے کیونکہ وہ پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں اور اس قومی مسئلے پر خاموشی اختیار کر رہے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کوئی قیدی نہیں دیکھا جو پریس کانفرنس کرے، خط لکھے یا اخبار میں آرٹیکل لکھے، لیکن دہشتگردی جیسے مسئلے پر عمران خان کیوں نہیں بولتے؟خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دہشتگردوں کی حمایت کا عندیہ دیا گیا ہے، اور پی ٹی آئی نے اس دہشتگردی میں شہید ہونے والوں اور پاکستانی ریاست سے یکجہتی کا اظہار نہیں کیا۔ وزیردفاع نے کہا کہ عمران خان اپنے مفادات کی خاطر ملک میں خونریزی کی صورت حال پر خاموش ہیں۔