پولیس کا صغیر کا گھیرا ئو، فائرنگ کے تبادلہ میں مارا گیا ، ساتھی ملزمہ گرفتار دونوں نے مہک کو قتل کیا تھا
قصور،لاہور(خصوصی رپورٹ،کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس سے مبینہ مقابلہ، 13 سالہ معصوم بچی کے وحشیانہ قتل میں ملوث ملزم ہلاک ، ساتھی ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کوٹ رادھا کشن کے علاقے بھمبہ کے قریب قصور پولیس اور سی سی ڈی کی ٹیم نے مفرور ملزم صغیر کی گرفتاری کیلئے ریڈ کرتے ہوئے اس کا گھیراوٓ کر لیا تو صغیر نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی ساتھی نگینہ بی بی کو گرفتار کرلیا گیا۔واضح رہے جنوبی پنجاب کی رہائشی کمسن بچی مہک بینک سٹاپ کی رہائشی نگینہ بی بی کے پاس رہائش پذیر تھی اور نگینہ کا کزن گھنیکے کوٹ رادھا کشن کا رہائشی صغیر کمسن مہک کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بناتا رہا تھا، چند روز قبل صغیر اور نگینہ بی بی نے کمسن مہک کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر ایک ویران کھیت میں لے جا کر اسے ذبح کر کے بے دردی سے قتل کردیا تھا اورلاش کو کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد پولیس اور سی سی ڈی نے ملزموں کو ٹریس کیا۔