کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے صنعتی و تجارتی اداروں کے مزدوروں کی کم از کم ماہانہ اُجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ ہوگا۔
وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم کے مطابق نیم ہنر مند افراد کی ماہانہ اُجرت 41,380 روپے، ہنر مندوں کی 49,628 روپے جبکہ اعلیٰ ہنر مندوں کی اُجرت 51,745 روپے مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی اُجرت رجسٹرڈ و غیر رجسٹرڈ تمام صنعتی و تجارتی اداروں پر لاگو ہوگی، جبکہ مرد و خواتین مزدوروں کو برابری کی بنیاد پر ادائیگی ہوگی۔ فی گھنٹہ اُجرت دینے والے ادارے کم از کم 192 روپے فی گھنٹہ ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔شاہد تھہیم کا کہنا تھا کہ کم از کم اُجرت میں اضافہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے اور مزدور طبقے کو باعزت زندگی فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ محکمہ محنت لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائے گا۔