نیویارک(آئی این پی)معروف ٹی ڈیٹنگ ایپ نے خواتین کی ذاتی تصاویر اور چیٹس لیک کردیں جس کے بعد ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹی ڈیٹنگ ایپ، جو خواتین کو مردوں سے متعلق معلومات شیئر کرنے کے لیے ایک محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے دعوے کے ساتھ بنائی گئی تھی، وہاں سے بڑے پیمانے پر نجی پیغامات لیک ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر خواتین کے 11لاکھ سے زائد نجی پیغامات آن لائن لیک ہو چکے ہیں۔ ان پیغامات میں دھوکا دہی کرنے والے ساتھیوں، اسقاط حمل اور فون نمبرز جیسے حساس موضوعات پر کی گئی گفتگو بھی شامل ہے، جنہیں خواتین نے ایپ سے باہر بات چیت جاری رکھنے کے لیے شیئر کیا تھا۔واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹی ایپ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس واقعے کو جلد از جلد قابو میں لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ایک مکمل تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔