نیویارک میں فائرنگ: پولیس افسر سمیت 5افراد ہلاک، حملہ آور نے خودکشی کر لی

ایک شخص لمبی بندوق لے کر عمارت میں داخل ہوا اور لابی میں موجود افراد پر فائرنگ شروع کر دی،عینی شاہدین
نیویارک(آئی این پی) امریکا کی ریاست نیویارک کے علاقے مڈٹان مین ہٹن میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے پولیس افسر دیدار الاسلام سمیت 5افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔واقعہ ایک 634فٹ بلند عمارت میں پیش آیا جو پارک ایونیو پر واقع ہے۔ اس عمارت میں نیشنل فٹبال لیگ اور بلیک اسٹون کے دفاتر قائم ہیں اور اس کی سکیورٹی معمول سے زیادہ سخت ہوتی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ایک شخص لمبی بندوق لے کر عمارت میں داخل ہوا اور لابی میں موجود افراد پر فائرنگ شروع کر دی۔ واقعے میں ایک اور پولیس افسر اور ایک شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں کمر میں گولیاں لگیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔حکام نے حملہ آور کی شناخت شین تامورا کے طور پر کی ہے جو 27 سالہ نوجوان اور لاس ویگاس کا رہائشی تھا۔ حکام کے مطابق وہ تنہا حملہ آور تھا اور اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔