معلوم نہیں کس آپریشن تھیٹر میں بانئ پی ٹی آئی کا علاج ہوا: بابر اعوان

معلوم نہیں کس آپریشن تھیٹر میں بانئ پی ٹی آئی کا علاج ہوا: بابر اعوان

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال غیر واضح ہے، معلوم نہیں کس آپریشن تھیٹر میں ان کا علاج ہوا۔

بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بابر اعوان نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی بہنوں کو اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے بھائی سے ملاقات کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے کہا گیا کہ بانئ پی ٹی آئی صحتمند ہیں، پھر دعویٰ کیا گیا کہ جیل میں ڈاکٹرز کی ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے، اور بعد میں بتایا گیا کہ چھوٹا سا مسئلہ تھا جس پر رات کو انہیں پمز منتقل کیا گیا۔بابر اعوان نے کہا کہ انصاف کے بغیر رعایت نہیں مانگ رہے اور چیف جسٹس پاکستان کی معاونت کے لیے تیار ہیں تاکہ پی ٹی آئی کے کیسز جلد مقرر ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے عوام کو آگاہ نہ کرنا تشویشناک ہے اور پوری دنیا اس پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔علی بخاری نے کہا کہ وفاقی وزراء کی طرف سے بانئ پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں دی گئی معلومات درست نہیں اور ہر لمحے کی رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طبی معائنے کے لیے نئی درخواست دائر کر دی گئی ہے جبکہ 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ ٹو کیسز اب تک مقرر نہیں ہوئے۔