راولپنڈی: 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر ملتوی ہو گئی، جس میں چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ آج بھی 9 مئی کے 11 کیسز میں چالان کی نقول مکمل طور پر تقسیم نہیں ہو سکیں، جس میں عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور، شبلی فراز اور عمر ایوب بھی شامل ہیں۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ چالان کی نقول تو موجود تھیں، مگر وصول کرنے والے ملزمان غیر حاضر تھے۔ان مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 پر حملہ، آرمی میوزیم پر حملہ، صدر کے علاقے میں حساس عمارت نذر آتش کرنے کے کیسز کے علاوہ میٹرو بس اسٹیشن جلانے اور حساس ادارے کے دفاتر پر حملے کے کیسز شامل ہیں۔سماعت کے دوران وکلاء صفائی نے اپنے کلائنٹس سے ملاقات کی اجازت کے لیے استدعا کی اور بتایا کہ وڈیو لنک سسٹم تین ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک فعال نہیں ہو سکا۔بعد ازاں عدالت نے تمام 11 مقدمات کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی۔