خدیجہ شاہ سے متعلق نو مئی مقدمات میں ٹرائل کے دوران عدم پیشی پر عدالت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ضامنوں کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عسکری ٹاور حملہ کیس میں ضمانت پر رہائی کے باوجود خدیجہ شاہ کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ان کے دو ضامنوں جہانزیب اور مراد علی کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ دونوں نے پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے تھے۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ دونوں ضامن 25 اپریل کو پیش ہوں اور وضاحت دیں۔اسی کیس میں دیگر ملزمان کے ضامنوں کو بھی طلب کیا گیا ہے، جن میں زین الحسن کے ضامن ابوبکر اشرف اور عمران، احمد علی کے ضامن عبداللطیف، اور عثمان کے ضامن عدنان اسلم شامل ہیں۔
مزید برآں ملزم حمزہ کے ضامن ہاشم اور قاسم کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جنہوں نے مجموعی طور پر چار لاکھ روپے کی ضمانت دی تھی۔سماعت کے دوران جج منظر علی گل نے ریمارکس دیے کہ ضامن کی قانونی ذمہ داری ہوتی ہے کہ ملزم عدالت میں پیش ہوتا رہے، اور عدم پیشی کی وجہ سے ٹرائل میں تاخیر ہو رہی ہے۔عدالت نے واضح کیا کہ کیسز کی بروقت سماعت اور پیش رفت کے لیے ملزمان کی حاضری ناگزیر ہے، بصورت دیگر ضامنوں کو بھی قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔