آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2024 کی افتتاحی تقریب لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ تقریب 16 فروری کو لاہور کے حضوری باغ میں منعقد کی جائے گی، جس میں مختلف ثقافتی اور کرکٹ سے متعلق پروگرامز شامل ہوں گے۔ افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، جسے ٹین سپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ اس سے قبل خبریں یہ گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب منعقد نہیں کرے گا، لیکن اب پی سی بی نے اس کی تقریب کو لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس حوالے سے تمام تقریبات کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری تعمیراتی کام جلد مکمل ہونے والا ہے اور اس اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب 7 فروری کو متوقع ہے، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس تقریب میں لیزر شو اور دیگر تفریحی سرگرمیاں شامل کی جا سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ، نیشنل سٹیڈیم کراچی کی نئی بلڈنگ کا افتتاح 11 فروری کو ہوگا۔ اس تقریب میں پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی شرکت متوقع ہے۔ ان تمام تقریبات کو دیکھتے ہوئے، پی سی بی کرکٹ کے شائقین کے لیے بھرپور انداز میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں میں مصروف ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی کو کامیاب اور شاندار طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔