حکومت ان طبی پروگراموں کو فنڈز فراہم نہیں کریگی جو ہارمون تھراپی کے لیے معاونت فراہم کرتے ہیں ،حکم نامہ
واشنگٹن (آئی این پی )صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازعہ ایگزیکٹو آرڈر جاری کرتے ہوئے ٹرانس جینڈر بچوں اور کم عمر نوجوانوں کے لیے تبدیلی جنس سے متعلق طبی علاج پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ٹرمپ کے اس اقدام کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور بعض قانونی ماہرین نے عندیہ دیا ہے کہ اسے عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔اس فیصلے سے چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ نے ایک اور ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد امریکی افواج میں ٹرانس جینڈر نظریے کو ختم کرنا ہے۔ اس آرڈر کے تحت یہ موقف اپنایا گیا ہے کہ ٹرانس جینڈر افراد فوج میں نظم و ضبط اور پروفیشنل انداز میں خدمات انجام دینے سے قاصر ہوتے ہیں۔تبدیلی جنس سے متعلق تازہ ترین حکم نامے کے تحت امریکی وفاقی حکومت ان طبی پروگراموں کو فنڈز فراہم نہیں کرے گی جو ٹرانس جینڈر بچوں اور نوجوانوں میں ہارمون تھراپی، جراحی یا دیگر متعلقہ طبی طریقوں کے لیے معاونت فراہم کرتے ہیں یا اس حوالے سے تحقیق کرتے ہیں۔