سکولز اور کالجز کے داخلہ فارم میں مرد و خواتین کے خانے کے ساتھ ٹرانس جینڈر بچوں کیلئے بھی خانہ ہوگا
محکمہ تعلیم میں آئندہ اساتذہ بھرتیوں میں ٹرانس جینڈر افراد کے لئے نوکریوں میں کوٹہ رکھنے پر بھی اتفاق
کراچی (یواین پی) پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی کا ڈرافٹ منظور کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی کا مسودہ منظور کر لیا گی، جس کے تحت سندھ کے سکولز اور کالجز کے داخلہ فارم میں مرد و خواتین کے خانے کے ساتھ ٹرانس جینڈر بچوں کے لیے بھی خانہ شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں محکمہ تعلیم میں آئندہ اساتذہ بھرتیوں میں ٹرانس جینڈر افراد کے لیے نوکریوں میں کوٹہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، ٹی وی، ریڈیو، سوشل میڈیا، اور اخبارات میں ٹرانس جینڈر بچوں کی تعلیم کی اہمیت پر مہمات بھی چلائی جائیں گی صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹرانس جینڈر افراد کی تعلیم کے حوالے سے کئی چیلنجز ہیں، ٹرانس جینڈر افراد کو اکثر معاشرتی سطح پر تعصب، بدسلوکی، اور دھتکار کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو ان کی تعلیم تک رسائی میں رکاوٹ بنتی ہے، تعلیم کے اخراجات پورے کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے کیونکہ ٹرانس جینڈر افراد کو عام طور پر روزگار کے بہتر مواقع نہیں ملتے۔