آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کا چیف سیکرٹری پنجاب کو پٹرول کی فراہمی سے متعلق خط
لاہور(آئی این پی ) لاہور میں پٹرول کی فراہمی میں سنگین مسائل کے سبب آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے چیف سیکرٹری پنجاب کو پٹرول کی فراہمی سے متعلق خط لکھ دیا۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور ٹریفک پولیس نے صبح 6بجے سے دن 11بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے باعث شہر میں 400پٹرول پمپس کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ہیوی ٹریفک پر عائد پابندی سے آئل ٹینکرز کو استثنیٰ دیا جائے بصورت دیگر شہر میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہو جائے گی۔ کراچی میں ہیوی ٹریفک کی پابندی سے آئل ٹینکرز کو استثنیٰ حاصل ہے۔خط میں چیف سیکرٹری پنجاب سے ہیوی ٹریفک پر عائد پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔