انسانی اسمگلنگ روکنے میں ناکامی)وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو عہدے سے ہٹا دیا آئی جی خیبر پختونخوا بھی تبدیل

 احمد اسحاق جہانگیر کو اسٹیبلشمنٹ میں او ایس ڈی بنا دیا گیا‘نئے ڈی جی کیلئے سلمان چودھری، ڈاکٹر عثمان انور اور راجہ رفعت مختار کے نام زیر غور ‘ ذوالفقار حمید نئے  آئی جی خیبر تعینات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق احمد اسحاق جہانگیر کو اسٹیبلشمنٹ میں او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی جی ایف ا?ئی اے کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی، یونان کشتی حادثے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش نہ کرنے پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا تھا، دیگر اہم انکوائریز کو بروقت مکمل نہ کرنے پر بھی وزیراعظم شہباز شریف ڈی جی ایف آئی اے کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے نئے ڈی جی ایف آئی اے کیلئے افسران کی شارٹ لسٹنگ شروع کر دی ہے، نئے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کیلئے سلمان چودھری، ڈاکٹر عثمان انور اور راجہ رفعت مختار کے نام زیر غور ہیں۔دریں اثناء آئی جی خیبر پختون خوا اختر حیات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔آئی جی کے پی اختر حیات کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ذوالفقار حمید کو نیا آئی جی خیبر پختون خوا تعینات کیا گیا ہے۔