پی ٹی آئی آئین کے اندر رہتے سیاست کرے تو یہ بہتر ہوگا،سید نیر حسین بخاری

کے پی وزیر اعلیٰ سٹریٹ پاور کی باتیں کر رہے ہیں، جو پہلے سے موجود تناؤ کو مزید بڑھا سکتی ہیں
 اسلام آباد(آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اگر آئین کے اندر رہتے ہو ئے سیاست کرے تو یہ خود ان کے لیے بہتر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو خود طے کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات چاہتی ہے یا نہیں۔نیر حسین بخاری نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کے پی وزیر اعلیٰ سٹریٹ پاور دکھانے کی باتیں کر رہے ہیں، جو ملک میں پہلے سے موجود تناؤ کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں کشیدگی سے ملک اور قوم دونوں کو نقصان ہو رہا ہے۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پی ٹی آئی کے لیے دیا گیا بیان دراصل مذاکرات اور مفاہمت کی پیشکش ہے، جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے بھی مذاکرات کی پیشکش سامنے آ چکی
 ہے