سندھ کے تعلیمی اداروں میں بہتری کی بہت گنجائش ہے:بلاول بھٹو

 18ویں ترمیم کے بعد صوبہ سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں اقدامات کئے گئے‘ ادارے صرف بلڈنگ اور جدید مشینری سے کامیاب نہیں ہوتے، جب آپ آئیں گے اور کام کریں گے تو ادارے کامیاب ہوں گے
 ہمیں صحت کے شعبے میں مکمل تیار رہنا چاہیے، ملک کو جب بھی کسی دبا ئوکا سامنا ہوا  ڈاکٹرز اور نرسوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا‘ ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری ہماری ترجیح ہے: بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے 7ویں کانووکیشن سے خطاب 
کراچی (آئی این پی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی   بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، سندھ کے تعلیمی اداروں میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔ شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے 7ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج صرف اسناد کی تقسیم کا دن نہیں، بلاتعطل علاج کی فراہمی بھی ہے، فارغ التحصیل طلبہ نے اب عملی زندگی میں قوم کی خدمت کرنی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ نے اپنے صوبے کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دینی ہیں، مشکل گھڑی میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف قوم کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، آپ نے بلاتفریق انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں صحت کے شعبے میں مکمل تیار رہنا چاہیے، ملک کو جب بھی کسی دبائو کا سامنا ہوا ہمارے ڈاکٹرز اور نرسوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ادارے صرف بلڈنگ اور جدید مشینری سے کامیاب نہیں ہوتے، جب آپ آئیں گے اور کام کریں گے تو ادارے کامیاب ہوں گے، آپ اچھے ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ اچھے انسان بننے کے لیے بھی محنت کریں۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ یہ ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری ہماری ترجیح ہے، 18ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں اقدامات کیے گئے۔