پختونخوا : بلدیاتی نمائندوں کا حکومت کیخلاف دھرنے کا اعلان

حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث مقامی حکومتوں کا نظام مفلوج ، پوراصوبہ متاثر
پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے مسائل حل نہ ہونے پر یکم جنوری کو ایک بار پھر دھرنے کا اعلان کردیا۔ میئرمردان حمایت اللہ مایار کی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں مستحکم اور مضبوط بلدیاتی نظام، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کے لیے جاری احتجاج اور یکم جنوری کو پشاور میں دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے لوکل کونسلز ایسوسی ایشن کا اجلاس بٹگرام میں ہوا۔ مشاورتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین انور بیگ، محمد زاہد، شوکت حیات، نثار اور دیگر نے کہا کہ یکم جنوری کو پشاور میں ہونے والے دھرنے میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔مقررین کا کہنا تھا صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ مقامی حکومتوں کا نظام مفلوج ہے، ترقیاتی فنڈزکی عدم فراہمی کی وجہ سے تحصیل بٹگرام کے ویلیج کونسلز سمیت پورا خیبر پختونخواہ متاثر ہے۔