بلدیاتی نمائندے 30 ستمبر کو پشاور میں صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنابھی دینگے
نمائندوں کی جانب سے آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی
پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کردیا۔ بلدیاتی نمائندے 30 ستمبر کو پشاور میں صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا بھی دیں گے، بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ترجمان لوکل کونسلز ایسوسی ایشن عزیز اللہ خان مروت کے مطابق خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے مستحکم بلدیاتی نظام، عوام کو سماجی ومیونسپل سروسز فراہمی، عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد بار احتجاج کیا اور وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور سے مذاکرات کیے جس میں ہر بار بلدیاتی نمائندوں کو ان کے قانونی آئینی اختیارات کے ساتھ ساتھ ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کے وعدے کیے گئے مگر صوبائی حکومت اپنے کسی وعدے کو پورا نہیں کر سکی جس پر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے ایک دفعہ پھر سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 30 ستمبر 2025 کو صوبائی اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاجی دھرنا شروع کیا جائے گا، خیبر پختونخوا کے تمام میئرز تحصیل ولیج نیبر ہوڈ کونسل چیئرمینز و ممبران کو 30 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔