اسرائیلی بمباری میں غزہ کے اسپتالوں پر حملے، 50 فلسطینی شہید

اسرائیلی بمباری میں غزہ کے اسپتالوں پر حملے، 50 فلسطینی شہید

اسرائیلی فورسز کی غزہ میں جاری بمباری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں دو اسپتالوں، کمال عدوان اور الوفا اسپتال، پر شدید گولہ باری کی گئی ہے۔

 تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، ان حملوں میں 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اور الوفا اسپتالوں کے بعد اہلی نامی ایک اور اسپتال کو بھی نشانہ بنایا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ ان اسپتالوں میں حماس کے جنگجو اور کمانڈرز چھپے ہوئے تھے، اور ان کے مطابق، اس کارروائی میں 19 حماس کمانڈرز اور جنگجو مارے گئے جبکہ متعدد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم، حماس نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے پہلے ہی زخمی اور بیماریوں میں مبتلا شہریوں کو نشانہ بنایا، جس میں 50 فلسطینی شہید ہو گئے۔

اسرائیل نے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو حراست میں لے رکھا ہے اور ان کی رہائی کے لیے کسی قسم کے دباؤ کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ کمال عدوان اسپتال کو دوبارہ صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔یہ حملے غزہ میں اسرائیلی بمباری کے سلسلے کا حصہ ہیں، جس میں اب تک 45,500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔