وزیراعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ جمی کارٹر کے اہل خانہ اور امریکی عوام کے ساتھ ان کے غم میں شریک ہیں۔ انہوں نے جمی کارٹر کی مدبرانہ صلاحیتوں اور عالمی امن کے لیے ان کی انتھک وکالت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جمی کارٹر کو ہمیشہ عالمی سطح پر امن کے حامی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔حال ہی میں 100 سال کی عمر میں وفات پا جانے والے جمی کارٹر امریکہ کے پہلے صدر تھے جنہوں نے سو سال کی عمر پائی۔ ان کی وفات پر امریکہ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور وائٹ ہاؤس پر پرچم سرنگوں کر دیا گیا ہے۔جمی کارٹر نے 1977 سے 1981 تک امریکہ کے 39ویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اپنے دورِ صدارت میں انہوں نے عالمی امن کے فروغ اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کئی اہم اقدامات کیے۔
ان کے صدر بننے کے بعد، انہوں نے کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے ذریعے مصر اور اسرائیل کے درمیان امن قائم کرنے کی کوشش کی، جس کے لیے انہیں 2002 میں نوبل امن انعام سے نوازا گیا۔صدارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد جمی کارٹر نے انسانیت کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے لیے کام کیا۔ ان کی زندگی کا مقصد ہمیشہ امن، انسانیت اور سماجی انصاف رہا۔ان کی وفات پر دنیا بھر میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا رہا ہے اور کئی عالمی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔