یونان کشتی حادثہ، 31ایف آئی اے افسر و اہلکار ملوث ہونیکا انکشاف

فیصل آباد ایئرپورٹ 19، سیالکوٹ 3، اسلام آباد اور لاہور کے دو دو افسران شامل 
ان میں انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور کانسٹیبلز شامل، نام پی سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) یونان کشتی حادثہ میں ایف آئی اے کے مبینہ طور پر 31 افسر اور اہلکار ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے کے 31 افسران کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام 31 افسران یونان کشتی حادثے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ فیصل آباد ایئرپورٹ کے 19، سیالکوٹ ایئرپورٹ کے تین، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ کے دو دو اور کوئٹہ ایئرپورٹ کے پانچ افسران کے نام شامل ہیں۔ ان افسروں میں انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور کانسٹیبلز شامل ہیں، تمام 31افسران یونان کشتی حادثہ میں لوگوں کو بھجوانے میں ملوث رہے۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز سے جاری مراسلے میں 32اہلکاروں کو یونان کشتی حادثے کا مبینہ ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ ان میں سب انسپکٹر زبیر اشرف باجوہ اور شمائلہ سلیم، ہیڈ کانسٹیبل عدنان راشد، محمد رضوان اور رحمان بشیر شامل ہیں۔ ایف سی منیب رحمان، شہزاد، راشد توقیر، ہارون مسیح، عمران، ارسلان سلیم، ظہیرالحسن، زین اقبال، ذیشان خالد، آصف نواز، انیلہ کوثر، شہربانو اور آصف نواز کا تعلق بھی فیصل آباد ایئرپورٹ سے ہے۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے انسپکٹر زیبا مرزا، ہیڈ کانسٹیبل عقیل اور عثمان ، لاہور ایئر پورٹ سے انسپکٹر میمونہ حمید اور ہیڈ کانسٹیبل زبیر ، اسلام آباد ایئرپورٹ سے انسپکٹر ملک سلیم اور ہیڈ کانسٹیبل محمد عاشق ، کوئٹہ ایئرپورٹ سے انسپکٹر زرتاشہ، سب انسپکٹر عبدالشکور، محمد اکرم، ہیڈ کانسٹیبل رئیس اور نذیر احمد مشتبہ اہلکاروں میں شامل ہیں۔