کرم میں اراضی تنازعات قبائلی قانون کے تحت حل ہوں گے

مقامی امن کمیٹی کسی بھی تنازع کی صورت میں اسے حل کرے گی‘ناکامی پر ضلعی کمیٹی میں معاملہ جائیگا
 تنازع کے حل کیلئے گرینڈ جرگہ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مداخلت کریں گے
 بنکرز  ایک ماہ کے اندر ختم ‘اسلحہ جمع‘سڑکوں اور شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنائی جائیگی: معاہدے کے نکات
 کرم(آئی این پی )کرم امن معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں ، دستاویز کے مطابق امن معاہدہ 14 نکات پر مشتمل ہے۔امن معاہدے کے مطابق مقامی امن کمیٹی کسی بھی تنازع کی صورت میں اسے حل کرے گی، مقامی کمیٹی ناکام ہونے کی صورت میں ضلعی کمیٹی معاملے کا حل نکالے گی۔ تنازع کے حل کیلئے گرینڈ جرگہ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مداخلت کریں گے۔معاہدے میں کہا گیا ہے کہ بنکرز کو ایک ماہ کے اندر ختم اور سڑکوں اور شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، بھاری اسلحے کو جمع کیا جائے گا ، کسی بھی واقعے کی صورت میں قریبی گاں کے لوگ ذمہ دار ہوں گے، اراضی تنازعات کو اراضی کمیشن اور قبائلی قانون کے تحت حل کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، امن معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی بھی قبیلہ پناہ نہیں دے گا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گرینڈ جرگہ نے مزید دو دن کا وقت مانگ لیا ہے، جو فریقین سے مشاورت کے بعد منگل کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گا۔