ویسٹ انڈیز کے نامور آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
وہ کرس گیل کے بعد 14 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کیرون پولارڈ نے گزشتہ روز کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے 19 رنز کی مختصر اننگز کھیلی جس کے دوران ایک شاندار چھکا بھی لگایا۔ اسی کے ساتھ وہ سی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بھی بن گئے۔ اس سے قبل ایون لوئس 203 چھکوں کے ساتھ سرفہرست تھے، تاہم پولارڈ نے یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
خصوصی بات یہ ہے کہ کیرون پولارڈ دنیا کے پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 14 ہزار سے زائد رنز اور 300 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں، جس نے انہیں اس فارمیٹ کا منفرد آل راؤنڈر بنا دیا ہے۔پولارڈ کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر بلکہ ویسٹ انڈین کرکٹ کے لیے بھی قابلِ فخر لمحہ ہے۔ وہ دنیا بھر کی لیگز میں اپنی جارحانہ بلے بازی اور نپی تلی بولنگ کے باعث ہمیشہ شائقین کے دلوں میں مقبول رہے ہیں۔