پنجاب میں سیلاب سے 30 اموات، 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر: مریم اورنگزیب

پنجاب میں سیلاب سے 30 اموات، 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر: مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

 ان کے مطابق پنجاب بھر میں سیلابی ریلوں سے اب تک 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے اب تک 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا نقصان کم سے کم ہو۔مریم اورنگزیب کے مطابق 3 بڑے دریاؤں کے سیلابی ریلے ہزاروں دیہاتوں کو متاثر کر چکے ہیں، جن میں دریائے چناب سے 1 ہزار 169، دریائے راوی سے 462 اور دریائے ستلج سے 391 موضع جات شامل ہیں۔ یوں مجموعی طور پر 2 ہزار 38 موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کی بحالی اور طبی امداد کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے 351 ریلیف اور میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جو دن رات متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ ان کیمپوں میں خوراک، پناہ گاہ اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔سینئر وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور حکومت کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں میں تعاون کریں۔