پنجاب میں سیلاب سے اموات 76 تک جا پہنچیں، 42 لاکھ سے زائد افراد متاثر

پنجاب میں سیلاب سے اموات 76 تک جا پہنچیں، 42 لاکھ سے زائد افراد متاثر

پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر 76 ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 42 لاکھ 9 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق شدید بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث مجموعی طور پر 4 ہزار سے زائد موضع جات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ ان میں دریائے چناب میں 2 ہزار 190، دریائے ستلج میں 651 اور دریائے راوی میں 1 ہزار 495 موضع جات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق اب تک سیلاب میں پھنسنے والے 21 لاکھ 90 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں 404 ریلیف کیمپس اور 488 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔مویشیوں کے علاج و معالجے کے لیے 421 ویٹرنری کیمپس بھی لگائے گئے ہیں جبکہ اب تک 15 لاکھ 81 ہزار جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ریلیف کمشنر نے بتایا کہ صوبے کے بڑے ڈیمز میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ منگلا ڈیم 90 فیصد اور تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے۔ اسی طرح بھارت کی طرف موجود دریائے ستلج کے بڑے ڈیمز میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جن میں بھاکڑا ڈیم 90 فیصد، پونگ ڈیم 99 فیصد اور تھین ڈیم 97 فیصد تک بھر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور ریلیف آپریشن کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔