ہربھجن سنگھ کا سری سانتھ پر تھپڑ، 17 سال پرانی ویڈیو منظر عام پر

ہربھجن سنگھ کا سری سانتھ پر تھپڑ، 17 سال پرانی ویڈیو منظر عام پر

ہربھجن سنگھ اور سری سانتھ کے درمیان 2008 میں ہونے والے مشہور جھگڑے کی ان دیکھی ویڈیو 17 سال بعد منظر عام پر آگئی، جس نے ایک بار پھر کرکٹ شائقین کو اس متنازعہ واقعے کی یاد دلا دی۔

رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی اور سابق چیئرمین للت مودی نے جاری کی۔ انہوں نے یہ ویڈیو ایک پوڈکاسٹ "بیونڈ 23 کرکٹ" میں سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک سے گفتگو کے دوران شیئر کی۔للت مودی کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میچ ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی روایتی انداز میں ایک دوسرے سے ہاتھ ملا رہے تھے۔ اسی دوران ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے ہربھجن سنگھ نے کنگز الیون پنجاب (موجودہ پنجاب کنگز) کے کھلاڑی سری سانتھ کو اچانک تھپڑ مار دیا۔ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد یہ واقعہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ کرکٹ شائقین نے حیرت اور تنقید کا اظہار کیا ہے کہ یہ کلپ اتنے برسوں تک کیوں پوشیدہ رکھا گیا۔

للت مودی نے مزید بتایا کہ اس وقت انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو بلایا اور معاملے کی تفتیش کی۔ اس واقعے کے نتیجے میں ہربھجن سنگھ پر آٹھ میچز کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔یہ تنازعہ 25 اپریل 2008 کو ممبئی انڈینز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میچ کے بعد پیش آیا تھا۔ اس وقت سری سانتھ کے روتے ہوئے مناظر بھی کیمروں میں قید ہوئے تھے، جو شائقین کرکٹ کو آج بھی یاد ہیں۔