اے آئی مانیٹرنگ کا نظام سب سے پہلے M-1 اور M-2 موٹرویز پر متعارف کرایا جائے گا،نظام کمپیوٹرائزڈ نگرانی کرے گا
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ، اوورسپیڈنگ کی صورت میں گاڑی مالکان کو خودکار ایس ایم ایس الرٹس بھیجے گا :عبدالعلیم خان
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کی تمام موٹرویز کو بیریئر فری بنایا جائے اور اعلان کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی ) پر مبنی مانیٹرنگ کا نظام سب سے پہلے M-1 اور M-2 موٹرویز پر متعارف کرایا جائے گا۔ یہ نظام کمپیوٹرائزڈ نگرانی کرے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جیسے کہ اوور اسپیڈنگ کی صورت میں گاڑی کے مالکان کو خودکار ایس ایم ایس الرٹس بھیجے گا۔ این ایچ اے ہیڈکوارٹر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ مواصلات نے زور د یا کہ موٹروے پولیس کا تیز رفتار گاڑیوں کے آگے آنا بند ہونا چاہیے کیونکہ اس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کو نفاذ کی ذمہ داری سنبھالنی چاہیے۔وزیرِ موصلات نے محصولات کی وصولی اور ٹھیکوں کے نظام میں اصلاحات کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹول پلازہ کے ٹھیکے شفاف طریقے سے نیلام کیے جائیں اور ہائی ویز پر تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک مربوط پالیسی اپنائی جائے جس میں محصولات کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن شامل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی رائے کو سنجیدگی سے شامل کیا جائے تاکہ خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔