استعفے سے انکار ،ٹرمپ انتظامیہ نے سی ڈی سی ڈائریکٹر کو برطرف کر دیا

 واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ صحت کی سر براہ سوزن موناریز کو استعفیٰ دینے سے انکار کے بعد برطرف کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق ایجنسی کے کچھ ملازمین کی نمائندگی کرنے والی یونین نے بتایا کہ رابرٹ ایف کینیڈی کی جانب سے امریکی ویکسین پالیسی میں وسیع پیمانے پر کی جانے والی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والی اس کشیدگی کے نتیجے میں سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن(سی ڈی سی)  کے پانچ دیگر سینیئر اہلکاروں نے بھی استعفی دیا ہے۔ماہرِ صحت اور طویل عرصے سے سرکاری خدمات انجام دینے والی سوزن موناریز کو سی ڈی سی کا سربراہ بنے ابھی ایک ماہ بھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ رابرٹ ایف کینیڈی کے محکمہ صحت و انسانی خدمات (ایچ ایچ ایس)  نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ وہ اب ادارے کی ڈائریکٹر نہیں رہیں۔تاہم سوزن موناریز کے وکلا نے کہا کہ انہوں نے نہ تو استعفی دیا ہے اور نہ ہی وائٹ ہاس سے ان کی برطرفی کے بارے میں کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے، اس لیے وہ استعفی نہیں دیں گی۔