وزیراعلیٰ عوامی فلاحی منصوبے مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں:مریم او رنگزیب

  پاکستان  اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پائیدار ترقی کیلئے تعاون میں اضافہ ہوگا:بینک کے صدر سے گفتگو

لاہور(آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے صدر مساتو کیندا سے ملاقات کی۔ اے ڈی بی کے صدر سترہ رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے خصوصی دورے پر لاہور پہنچے۔ ملاقات میں صوبائی کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز شریک تھے۔ملاقات میں پنجاب میں سیلابی صورتحال، انتظامات اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اے ڈی بی صدر نے حالیہ تباہ کاریوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر وفد کو بریفنگ دی۔۔ مریم اورنگزیب نے کہا ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ سات ترقیاتی منصوبے زیر عمل ہیں جبکہ مزید تین کی منظوری جلد متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوامی فلاحی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان و ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پائیدار ترقی کے لیے تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔بعد ازاں مریم اورنگزیب نے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا۔