رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کی عیدالاضحیٰ 2026 سے متعلق پیش گوئی

رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کی عیدالاضحیٰ 2026 سے متعلق پیش گوئی

پاکستان میں ذی الحجہ 1447 ہجری اور عیدالاضحیٰ 2026 سے متعلق رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے تفصیلی پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق عید 27 مئی 2026 کو منائے جانے کا امکان ہے۔

کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا۔ ماہرین کے مطابق 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے زائد ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ کراچی میں تقریباً 55 منٹ اور پشاور میں 63 منٹ ہوگا، جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند ننگی آنکھ سے دیکھے جانے کے واضح امکانات موجود ہیں۔اگر موسم ابر آلود رہا اور 17 مئی کو چاند نظر نہ آیا تو ذی القعدہ کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے، جس کے بعد یکم ذی الحجہ 19 مئی 2026 (منگل) کو ہوگی۔

کونسل نے مزید کہا ہے کہ اس سال پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ ایک ہی دن یعنی 27 مئی 2026 کو منائے جانے کا قوی امکان ہے، جو عازمین حج اور عالمی اسلامی کیلنڈر کے اعتبار سے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق حتمی فیصلہ رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی، تاہم فلکیاتی حسابات کے مطابق اس بار چاند کی رویت کے امکانات کافی مضبوط ہیں۔