امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے کوہ نور ہیرے کی واپسی کے حوالے سے بات کریں گے، جس نے ایک بار پھر اس تاریخی جواہر کے ملکیتی تنازع کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب برطانوی بادشاہ چارلس امریکا کے سرکاری دورے پر موجود ہیں۔ نیویارک میں 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے متاثرین کی یاد میں منعقدہ تقریب سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران سوال کے جواب میں ظہران ممدانی نے کہا کہ وہ اس معاملے پر بادشاہ سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ممدانی، جو بھارتی نژاد امریکی سیاستدان ہیں، نے کہا کہ کوہ نور ہیرا تاریخی طور پر ایک متنازع ورثہ ہے اور اس پر گفتگو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بعدازاں وہ اسی دورے کے دوران منعقدہ تقریب میں برطانوی بادشاہ سے ملاقات بھی کر چکے ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا یہ معاملہ باقاعدہ طور پر زیرِ بحث آیا یا نہیں۔
بکنگھم پیلس نے اس حوالے سے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے جبکہ نیویارک میئر کے دفتر نے بھی اس پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔یاد رہے کہ 105 قیراط کا کوہ نور ہیرا برصغیر کی تاریخ کا ایک متنازع شاہی جواہر سمجھا جاتا ہے، جس پر بھارت متعدد بار برطانیہ سے واپسی کا مطالبہ کر چکا ہے، تاہم برطانیہ اس پر اپنی ملکیت کا مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے۔