سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور ڈیموکریٹ رہنما ہیلری کلنٹن نے حال ہی میں نیویارک کے میئر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ظہران ممدانی کو ان کی شاندار اور تاریخی جیت پر مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (Twitter) پر اپنے پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے نومنتخب میئر کو نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بل کلنٹن نے اپنے پیغام میں لکھا کہ "ظہران ممدانی، آپ کو نیویارک سٹی کے اگلے میئر کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد۔ میری یہ خواہش ہے کہ آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں، کیونکہ اب آپ کو اپنی انتخابی مہم کے جذبے کو ایک بہتر، منصفانہ اور زیادہ قابلِ برداشت نیویارک کی تعمیر میں لگانا ہے۔"
اسی طرح، ہیلری کلنٹن نے بھی ظہران ممدانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال نیویارک کے انتخابات میں گزشتہ 50 برسوں کے مقابلے میں زیادہ ووٹ ڈالے گئے، جو جمہوریت کی کامیابی کی علامت ہے اور ظہران ممدانی کی پُراثر انتخابی مہم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "دنیا کے عظیم ترین شہر کے اگلے میئر کو دلی مبارکباد۔"
یاد رہے کہ ظہران ممدانی، جو کہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار ہیں، نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلے مسلمان اور سب سے کم عمر ترین میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق، انہوں نے 49.6 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے حریف، سابق گورنر اینڈریو کومو کو 41.6 فیصد ووٹ ملے۔ یہ کامیابی نیویارک میں سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔