پی ٹی آئی کے اندر انتشار پھیل چکا، کئی حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے خواجہ آصف

سہیل آفریدی کے وزیر اعلیٰ بننے کو ہم نے چیلنج نہیں کیا ‘ جب آپ کا حریف غلطیاں کررہا ہو تو اس میں مداخلت نہیں کرتے ہیں
وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل امن کے حوالے سے سب کی آنکھ کا تارا بنے ہوئے  ہیں‘ ہم چاہتے ہیں  ایرانی بھائیوں اور غزہ کے مسلمانوں کو امن ملے
اسلام آباد(آن لائن ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے  پی ٹی آئی کے اندر انتشار پھیل چکا ہے اور کئی حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان نے حالیہ ادورا میں بین الاقوامی سطح پر کامیاب سفارت کاری کرکے مسلمہ امہ کو مسائل سے نکالنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی کے اندر انتشار پھیل چکا ہے اور پارٹی میں کئی گروپ بن چکے ہیں اس میں باہر سے یاہمیں کسی سازش کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سہیل آفریدی کے وزیر اعلیٰ بننے کو ہم نے چیلنج نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب آپ کا حریف غلطیاں کررہا ہو تو اس میں مداخلت نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈر شپ ٹی وی پر بیٹھ کر ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرتے ہیں جبکہ اس کے نیچے کی لیڈر شپ بھی تقسیم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم انہیں غلطیاں کرنے دیں گے، خواجہ آصف نے کہاکہ آزادی کے بعد معرکہ حق ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں تاریخی لمحات آئے اور ہم ایٹمی قوت بنے۔انہوں نے کہاکہ معرکہ حق کے بعد ہم سفارتکاری کے لحاظ سے دنیا میں ابھرے ہیں۔انہوں نے کہا وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل امن کے حوالے سے سب کی آنکھ کا تارا بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چند ماہ پہلے تک کوئی نہیں جانتا تھا کہ پاکستان سفارتکاری کی سطح پر دنیا میں مرکزی کردار ادا کررہا ہوگا۔انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ایرانی بھائیوں اور غزہ کے مسلمانوں کو امن ملے