اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مخلصانہ عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، اسحاق ڈار

 کشیدگی اور اختلافات کے حل کے لئے سیاسی و سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے:نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو
اسحاق ڈار کی ازبک وزیر خارجہ سے ملاقات، پاکستان اور ازبکستان کا  شراکت داری کو نئی وسعت دینے کا عزم، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
بشکیک، اسلام آباد  (آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کا عمل جاری رہنا ناگزیر ہے۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس سے قبل ہوئی۔ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دونوں جانب سے باہمی رابطوں اور مسلسل سفارتی مشاورت کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا  کشیدگی اور اختلافات کے حل کے لیے سیاسی و سفارتی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مخلصانہ عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کا عمل جاری رہنا چاہیے‘دریں اثناء  اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا‘دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دے کر دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے