اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر اسلام آباد کو صرف "سیف سٹی" نہیں بلکہ "سمارٹ سٹی" بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق اسلام آباد میں داخل ہونے والی ہر گاڑی پر ایم ٹیگ لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے اسلام آباد رجسٹریشن والی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگایا جائے گا، جس کا مقصد شہریوں کی سیکیورٹی اور سہولت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ ایم ٹیگ کی مدد سے گاڑیوں کو حفاظتی نقطۂ نظر سے ٹریک کیا جا سکے گا۔ اس نظام کے ذریعے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی پارکنگ اور دیگر مسائل کا بروقت پتا لگانا ممکن ہوگا۔چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ایم ٹیگ شدہ گاڑیوں سے پارکنگ فیس بھی آن لائن وصول کی جائے گی، جس سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور پارکنگ نظام مزید موثر ہو جائے گا۔