راوی روڈ پر سلنڈر پھٹنے کے حادثہ:جاں بحق افراد کی شناخت مکمل، تحقیقات جاری

راوی روڈ پر سلنڈر پھٹنے کے حادثہ:جاں بحق افراد کی شناخت مکمل، تحقیقات جاری

لاہور:راوی روڈ پر واقع گیس سلنڈر کی دکان میں افسوسناک دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حادثہ کے فوری بعد ریسکیو اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او لاہور اور ڈی سی لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اہم اقدامات کا حکم دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں متعلقہ اداروں کی مدد سے سویپ چیکنگ کا حکم دیا۔ انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو سول ڈیفنس سمیت دیگر اداروں کی مکمل معاونت کی ہدایت دی اور غیر قانونی ایل پی جی پوائنٹس کی بندش کے لیے سخت اقدامات کا بھی حکم دیا۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران کچھ دیر کے لیے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا تھا، تاہم اب ٹریفک معمول پر آ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکل آفیسر اور انچارج راوی روڈ سمیت اضافی ٹریفک اہلکار موقع پر موجود ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ مرنے والوں میں 25 سالہ نصرت حفیظ، اس کی تین بچے 4 سالہ زینب، 6 ماہ کا ابراہیم، 5 سالہ فریال، اور 45 سالہ سعمیہ شامل ہیں۔زخمیوں میں 47 سالہ اکبر، 22 سالہ عمیر، 22 سالہ عدنان، 25 سالہ عرفان، 20 سالہ عاقب، 4 سالہ خرم اور 3 سالہ احتشام شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سول ڈیفنس کو دھماکے کی وجوہات کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ڈی سی لاہور نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔