190 ملین پاؤنڈز کیس: بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست کی سماعت مقرر کرنے کی ہدایت

190 ملین پاؤنڈز کیس: بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست کی سماعت مقرر کرنے کی ہدایت

اسلام آباد:190 ملین پاؤنڈز کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست عدالت نے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر بحث ہوئی۔ دوران سماعت، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی اپیل مقرر کرنے کا ایک خاص طریقہ کار ہوتا ہے اور ان کی اپیلیں پہلے بھی زیر سماعت ہیں۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی سزا کی معطلی کی درخواستیں زیر التوا ہیں اور انہیں فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ وکیل نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کی 7 سال قید ہے اور اس کی سزا کی معطلی کی درخواستیں آفس میں رکھی ہوئی ہیں لیکن انہیں سماعت کے لیے نہیں لگایا جا رہا۔

 انہوں نے کہا کہ خواتین کو ریلیف دینے کے فیصلے موجود ہیں، لہذا ان کی درخواست پر بھی عمل کیا جائے۔بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور توشہ خانہ کیسز میں بھی اپیلیں زیر التوا ہیں، اور یہ تمام مقدمات عدلیہ کے سامنے ہیں لیکن انہیں مناسب طریقے سے سماعت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کی سزا معطلی کی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔عدالت نے اس درخواست پر ریمارکس دیے کہ "آپ دن بتا دیں، ہم دیکھ لیں گے" اور اپیلوں کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔