لاہور: گھروں میں کام کے بہانے چوریاں کرنے والی خواتین گینگ کی سرغنہ گرفتار، ڈیڑھ کروڑ مالیت کا سونا اور قیمتی سامان برآمد
لاہور میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں کام کاج کے بہانے داخل ہو کر چوری کرنے والی خواتین پر مشتمل گینگ کی سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمہ صفیہ سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا 40 تولے سونا، قیمتی موبائل فونز اور دیگر اشیاء برآمد کرلی گئی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق گلشن اقبال انویسٹی گیشن ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے خواتین گینگ کی مرکزی ملزمہ صفیہ کو گرفتار کیا۔ ملزمہ اپنی ساتھی آمنہ کے ہمراہ مختلف گھروں میں ملازمت کے لیے جاتی تھی، جہاں موقع ملتے ہی گھر کا صفایا کر کے فرار ہو جاتی تھیں۔ملزمہ نے دوران تفتیش شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں گزشتہ کچھ عرصے سے خواتین گینگ کی جانب سے مسلسل چوری کی وارداتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں، جس کے بعد انچارج انویسٹی گیشن گلشن اقبال نے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔گرفتاری کے بعد ملزمہ کی نشاندہی پر بھاری مالیت کا مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا، جسے متاثرہ شہریوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ متاثرین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ گھریلو ملازمین کی تصدیق کے بغیر کسی کو گھر میں ملازمت پر نہ رکھیں، تاکہ ایسے جرائم سے بچا جا سکے۔