لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کچرا اٹھانے کے بہانے مبینہ طور پر چوری کی وارداتیں کرنے والے دو رکنی خواتین گینگ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین متعدد چوری کی وارداتوں میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ ہیں۔پولیس کے مطابق چند روز قبل دونوں خواتین نے مبینہ طور پر سپیئر پارٹس کی ایک دکان کے باہر رکھا سامان چوری کیا اور موقع سے فرار ہوگئیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل شروع کیا۔پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر دستیاب شواہد کی مدد سے دونوں خواتین کو ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت لاڈو بی بی اور مڈی بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر چوری کیے گئے سپیئر پارٹس کا سامان اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ برآمد شدہ سامان کو مقدمے کا حصہ بنا کر مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف ماضی میں بھی چوری کی وارداتوں کے حوالے سے مقدمات درج رہے ہیں۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ ملزمان نے شہر کے دیگر علاقوں میں مزید کتنی وارداتیں کیں اور آیا ان کے ساتھ کوئی اور افراد بھی ملوث ہیں۔قلعہ گجر سنگھ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔