کولکتہ: ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی، 14 افراد جاں بحق

کولکتہ: ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی، 14 افراد جاں بحق

کولکتہ (ویب ڈیسک)  بھارت کے مشرقی شہر کولکتہ میں ایک ہوٹل میں آگ لگنے کے المناک واقعے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ گزشتہ رات رتو راج ہوٹل میں پیش آیا۔پولیس اور فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جب کہ دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی کمروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث متعدد افراد دم گھٹنے اور جھلسنے کے باعث ہلاک ہوئے۔

ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا، تاہم ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ یا گیس لیکج کے باعث لگی ہو سکتی ہے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ہوٹل انتظامیہ سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ ہوٹل شہر کے مصروف علاقے میں واقع ہے اور رات کے وقت وہاں متعدد مہمان موجود تھے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران درجنوں افراد کو ہوٹل سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ریاستی حکومت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔