محمد بوٹا نے لڑکی والوں کے گھر گھس کر جاوید کو فائرنگ کرکے مار ڈالا
دلہن سلامیوں کی رقم ، زیور،والٹ اور موبائل فون لیکر آشنا کیساتھ فرار
ڈسکہ ،منڈیکی گورائیہ(نمائندہ دنیا ،نامہ نگار)نئی نویلی دلہن نے آشنا کیساتھ ملکر ولیمہ والے دن شوہر کو قتل کرادیا ،دلہن سلامیوں کے پیسے ،طلائی انگوٹھی،والٹ اور موبائل فون لیکر آشنا کیساتھ فرار ہو گئی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق موضع دھیدووالی کا ناصر اپنے بیٹے جاوید کی دعوت ولیمہ سے فارغ ہوکر اپنے بھائی اور بہنوئی کے ہمراہ بیٹے کے سسرال موضع منڈ گیاجب وہ بیٹے کے سسرالیوں کے گھر داخل ہوئے تو وہاں پہلے سے موجود ملزم محمد بوٹا عرف رحمن سکنہ منڈ جو اس کے بیٹے کی بیوی کا آشناتھا نے اس کے بیٹے پر قتل کردینے کی نیت سے فائرنگ کرناشرو ع کردی جس کے نتیجہ میں جاوید گولیاں لگنے سے شدیدزخمی ہوگیا جس کوطبی امدادکیلئے سول ہسپتال لایاگیاجہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر گوجرانوالہ ریفر کردیاگیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔مقتول کی بیوی کے ملزم بوٹا کیساتھ پرانے تعلقات تھے اور دونوں شادی کرناچاہتے تھے ان کے گھروالوں نے لڑکی کی شادی زبردستی مقتول سے کرادی جس پر لڑکی نے آشناکیساتھ صلاح مشورہ ہوکر شوہر کو قتل کرادیا اور مقتو ل کی بیوی سلامیوں کے پیسے،طلائی انگوٹھی اور اس کا والٹ لیکر فرارہوگئی۔ پولیس نے مقتول کے والدکو مدعی بناکر ملزموں کیخلاف قتل کامقدمہ درج کرکے تفتیش شرو ع کردی۔