وزیرآباد میں صف ماتم ،دعوتِ ولیمہ کے لیے آئے مہمانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کے دوران رقت آمیز مناظر
وزیرآباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) دولہا ولیمہ کے روز حرکت قلب بند ہونے کے باعث جاں بحق ہوگیا جس کے باعث شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، دعوتِ ولیمہ میں شرکت کے لیے آئے مہمانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ وزیرآباد کے نواحی گاں بینکہ چیمہ کے رہائشی حافظ عمر نامی نوجوان کی اپنے ولیمہ کے روز اچانک موت نے علاقے میں ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا، مرحوم نوجوان ایک روز قبل ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا اور دعوت ولیمہ سے چند گھنٹے قبل ہارٹ اٹیک کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔اہل خانہ نے بتایا کہ حافظ عمر شادی کے سلسلے میں اٹلی سے وطن واپس آیا ہوا تھا، حافظ عمر کے باقی تین بھائی بھی بیرون ملک مقیم ہیں جو شادی کیلئے پاکستان آئے ہوئے تھے تاہم ولیمے کی تقریب سے قبل نوجوان کو دوپہر کے وقت دل کا دورہ پڑا جس کے بعد حافظ عمر کو ہارٹ اٹیک کے فوراً بعد وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا، ولیمہ پہ آئے مہمانوں نے دولہا کا جنازہ پڑھا، نوجوان دولہا کی ناگہانی موت سے علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔