فرانس: مسلح شخص کی فائرنگ سے دلہن قتل،دولہا اور بچہ زخمی

واقعہ اس وقت پیش آیا جب دلہا دلہن گاڑی میں روانہ ہو رہے تھے،فائرنگ کے دوران ایک حملہ آورمارا گیا،ساتھی فرار
پیرس(آئی این پی )فرانس کے ایک گائوں میں اس وقت شادی کی خوشی غم میں بدل گئی جب ایک مسلح شخص نے دلہن کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ دولہا اور ایک بچے کو زخمی کردیا۔فرانس کے گائوں گولت میں شادی کی تقریب قیامت کا منظر پیش کرنے لگی، ایک 27سالہ دلہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دلہا دلہن شادی کی تقریب کے بعد گاڑی میں سوار ہو کر روانہ ہو رہے تھے۔فرانسیسی پراسیکیوٹر فلورینس گالتیے کے مطابق ایک گاڑی نے ان کی کار کا پیچھا کیا اور آگے آ کر راستہ روک لیا۔ گاڑی میں سوار نقاب پوش افراد باہر نکلے اور مختلف اقسام کے ہتھیاروں سے نئے نویلے جوڑے پر فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ سے دلہن موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ دولہا اور ایک 13 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔پراسیکیوٹر کے بیان کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوا، جبکہ دیگر حملہ آور پیدل موقع سے فرار ہوگئے۔