بھارت: شادی میں پنیر نہ ملنے پر ناراض شخص نے منی بس مہمانوں پر چڑھا دی

دلہے کے باپ سمیت 8افراد زخمی،مشتعل باراتیوں کا مقدمہ درج کروانے تک شادی نہ کرنے کافیصلہ
  نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران پنیر نہ ملنے پر ناراض شخص نے مہمانوں پر منی بس چڑھا دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے گائوں حامدپور میں پیش آیا جہاں راج ناتھ یادو کی بیٹی کی شادی تھی۔ تقریب خوش اسلوبی سے جاری تھی کہ دھرمیندر یادو نامی ایک شخص شادی ہال میں داخل ہوا اور سیدھا کھانے کے سٹالز پر پہنچا جہاں وہ کھانے کی ڈیشز میں پنیر کو نہ دیکھ کر غصہ ہوگیا۔غصے سے بھرے دھرمیندرنے منی بس شادی میں آئے مہمانوں پر چڑھا دی جس کے سبب دلہے کے باپ سمیت 8افراد زخمی ہوگئے جب کہ 3لاکھ کا مالی نقصان بھی ہوا۔واقعے کے بعد باراتی طیش میں آگئے اور انہوں نے دھرمیندر یادو کے خلاف کیس درج کروانے تک شادی نہ کرنے کا کہا، اس کے بعد دلہن والوں کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا اور اگلے روز رات 12بجے کے قریب شادی کی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔