14سالہ حاشر کے والدین میں علیحدگی ہو چکی ہے ‘ وہ اپنی نانی کے ساتھ مقیم تھا‘ مالک مکان خرم جو میڈیسن کمپنی میں منیجر ہے اس کی گاڑی چوری کرلی
شاہدرہ ٹائون میں حادثہ پیش آیا‘جاں بحق ہونے والا امین سرکاری ملازم تھا‘اس کا بھائی عمران بھی زخمی ہوگیا‘کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف کریک ڈائون کاحکم
لاہور(کرائم رپورٹر)شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے یں کم عمر ڈرائیور کی گاڑی کی ٹکر سے سرکاری ملازم جاں بحق، تین زخمی ہو گئے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ، آئی جی پنجاب کا سخت نوٹس ،تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک سرکاری ملازم جاں بحق جبکہ تین شہری زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چودہ سالہ ڈرائیور حاشر نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے راہگیروں کو روند ڈالا۔ جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق 3زخمی ہو گئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت امین کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک سرکاری ملازم تھے، جبکہ زخمی ہونے والوں میں ملک فرید (امین کا بھائی) اور عمران شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق، ملزم حاشر کو موقع سے گرفتار کر کے امین کے بھائی ملک نوید کی مدعیت میں قتلِ خطا اور ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ حاشر نے سابق مالک مکان خرم جو کہ میڈیسن کمپنی میں منیجر ہے اس کی گاڑی چوری سے نکالی جس کی 15پر چوری کی جھوٹی کال بھی چلائی گئی ایس پی سٹی کا کہنا گاڑی کے مالک خرم کو بھی شاملِ تفتیش کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے والدین میں علیحدگی ہو چکی ہے اور وہ اپنی نانی کے ساتھ مقیم تھا۔ کم عمر ہونے کے باوجود گاڑی چلانے کی وجہ سے والدین اور گاڑی کے مالک کے کردار پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ
حادثات کا باعث بننے والے بغیر لائسنس، کم عمر ڈرائیورز کو ہرگز سڑکوں پر نہ آنے دیا جائے۔ ان کے والدین اور سرپرستوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔