میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی پر اعتماد میں نہیں لیا گیا،حکومتِ سندھ کو بے خبر رکھا ، ن لیگ کو اس بات کا دراک نہیں
11 ماہ گزر گئے تاحال مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا، اس طرز سے خلیج اور بڑھے گی :ترجمان پیپلز پارٹی
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ اہم فیصلوں پر اعتماد میں نہیں لیا جا رہا، جس دن پارٹی حکومت کی حمایت ختم کر دے گی، وفاقی حکومت بھی ختم ہو جائے گی۔اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے حوالے سے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت متواتر ایسے فیصلے کر رہی ہے جن کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا جا رہا، پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کے قیام کے فیصلے پر حکومتِ سندھ اور پیپلز پارٹی دونوں کو بے خبر رکھا گیا، بار بار یہ بات دہرا رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کو پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے، جس دن یہ حمایت ختم کر دیں گے وفاقی حکومت بھی ختم ہوجائے گی۔شازیہ مری نے کہا کہ شاید مسلم لیگ (ن) کو اس بات کا ادراک نہیں ہے، کافی وقت سے یہ بھی مطالبہ کر رہے ہیں قومی مفاداتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے، 11 ماہ گزر گئے تاحال مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا، آئین کی مستقل اور کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، وزیراعظم آئینی طور پر تین ماہ میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ترجمان پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے رائے اور معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لایا جائے، اہم قومی امور پر آئین کو سبوتاڑ، اتحادیوں اور صوبوں کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلہ کرنا کیا دانشمندی ہے؟ وفاقی حکومت کی روش سمجھ سے بالاتر ہے اس طرز سے خلیج اور بڑھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آئینی وقانونی طرزعمل پر چلایا جائے تو وہ سب کیلئے بہتر ہوگا۔